ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حد بندی کمیشن کا قیام بی جے پی کے مفادات کی تکمیل کیلئے:محبوبہ مفتی

حد بندی کمیشن کا قیام بی جے پی کے مفادات کی تکمیل کیلئے:محبوبہ مفتی

Tue, 21 Dec 2021 11:19:22    S.O. News Service

سری نگر، 21؍دسمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ حد بندی کمیشن کا قیام جموں و کشمیر کے لوگوں کو مذہبی و علاقائی خطوط پر منقسم کرکے بی جے پی کے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے عمل میں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس کا اصلی گیم پلان جموں و کشمیر میں ایک ایسی حکومت کا قائم کرنا ہے جو اگست 2019 کے غیر قانونی و غیر آئینی فیصلوں کو جائز قرار دے گی۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز اپنے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں کیا۔انہوں نے یہ ٹوئیٹس جموں وکشمیر کی اسمبلی نشستوں کی سر نو حد بندی کیلئے قائم شدہ حد بندی کمیشن کی طرف سے صوبہ جموں کو چھ نشستیں اور کشمیر کیلئے ایک نشست تجویز کرنے کی خبروں کے رد عمل میں کئے۔محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ اس کمیشن کا قیام جموں وکشمیر کو مذہبی و علاقائی خطوط پر منقسم کرکے بی جے پی کے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔ اصلی گیم پلان یہ ہے کہ ایک ایسی حکومت قائم کی جائے جواگست 2019 کے غیر قانونی و غیر آئینی فیصلوں کو جائز قرار دے گی’۔انہوں نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہاکہ حد بندی کمیشن کے متعلق میرے خدشات غلط نہیں تھے ’۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھاکہ مردم شماری کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک خطے کیلئے چھ سیٹیں اور کشمیر کیلئے صرف ایک سیٹ تجویز کرکے وہ لوگوں کو ایک دوسرے کے خلاف لڑانا چاہتے ہیں ’۔


Share: